Tuesday, 20 March 2018

Reason of Sneezing and Ruining Nose

The reason of Sneezing and Ruining Nose

یوں تو ہر ایک کو کبھی نا کبھی ایک آدھ چھینک آہی جاتی ہے۔ لیکن اگر کبھی اچانک چھینکیں آنا
شروع ہوں اور رکنے کا نام نہ لیں تو طبیعت کو بہت ناگوار گزرتا ہے۔ چھینکیں یوں ہی نہیں آتیںان کے پیچھے کوئی نا کوئی وجہ ہوتی ہے۔
ہماری ناک میں موجود باریک بال باہر سے آنے والی دھول کو روک لیتے ہیں اور اس کو باہر نکالنے کے لیے چھینک آتی ہے۔اگر آپ کو اچانک چھینکیں شروع ہو جائیں تو آپ اس کی وجہ جاننا ضرور چاہیں گے۔

موسمی اثرات:
چھینک آنے کی ایک وجہ الرجی اور موسمی اثرات بھی ہوتے ہیں۔ جو لوگ موسم سے الرجک ہوتے ہیں ان کو لمبے عرصے تک چھینکیں آتی رہتی ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کھانسی، چھینکیں، سینہ جکڑنا اور آنکھیں لال ہو جانا موسمی الرجی کی نشانی ہیں۔
نزلے کی شروعات:
اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ نزلہ سردیوں کی بیماری ہے۔لیکن ایسا نہیں ہے نزلہ سال کے کسی حصے میں بھی ہوسکتا ہے۔ اور چھینکیں نزلے کی علامات میں سے ایک ہیں۔ چھینکیں آنے کی سب سے عام وجہ نزلہ ہوتا ہے۔
جانوروں کے جسم سے جھڑنے والی خشکی:
اکثر لوگ بچپن میں پالتو جانوروں سے الرجک ہوتے ہیں اور بعض اوقات یہ الرجی بڑے ہونے پر بھی رہتی ہے۔ یہ الرجی جانوروں کے جسم سے جھڑنے والی ایک طرح کی خشکی سے ہوتی ہے۔ جس کی الرجی سے چھینکوں کا دورہ پڑ جاتا ہے ۔ اگر آپ کو یہ چھینکیں اپنے پالتو جانور کے کمرے میں شروع ہوتی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو اس سے الرجی ہو رہی ہے جس کو دور کرنے کے لیے ڈاکٹر کا مشورہ ضروری ہے۔
ٹھنڈ سے نکل کر گرمی میں آجانا:
درجہ حرارت میں بہت زیادہ تبدیلی بھی چھینکوں کا باعث بنتی ہے ۔ اگر باہر نکلنے پر چھینکیں شروع ہو جائیں تو یہ کسی الرجی کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔ لیکن اگر یہ چھینکیں ایک یا دو منٹ بعد رک جائیں تو اس کی وجہ ٹھنڈے سے گرم موسم کی تبدیلی ہوسکتی ہے۔
ایسا خاص طور پر اس وقت ہوتا ہے جب آپ ائر کنڈیشنڈ کمرے سے باہر گرمی میں آجائیں۔
سگریٹ کا دھواں:
سگریٹ کا دھواں بھی ناک میں سوزش پیدا کرکے چھینکوں کا باعث بنتا ہے۔ اگر آپ مستقل طور پر اپنے کمرے یا کسی جگہ پر ہوں جہاں سگریٹ پی جا رہی ہو تو اس کا دھواں آپ کو الرجک کرتا ہے۔
مصالحوں سے الرجی ہونا:
اگر آپ کو کچن میں یا کچھ کھاتے ہوئے مستقل چھینکیں آتی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ کسی مصالحے کی وجہ سے آپ کی ناک میں سوزش ہورہی ہے۔ بعض اوقات بہت زیادہ مصالحہ دار کھانا کھا کر بھی چھینکیں شروع ہو جاتی ہیں۔
اگر آپ کو زیادہ عرصے تک مستقل چھینکیں آتی رہیں تو اس کی وجہ جاننے کے لیے الرجسٹ سے رابطہ کریں تاکہ وہ اس سے متعلق ٹیسٹ کرکے صحیح وجہ بتا سکیں۔ اپنی چھینکوں کی صحیح وجہ جاننے کے بعد ہی آپ ان سے نجات پا سکتے ہیں۔


0 comments:

Post a Comment